ٹیکساس کے ریاستی الیکشن میں ڈیموکریٹک امیدوار سلمان بھوجانی کامیاب
آسٹن (ویب ڈیسک) ٹیکساس میں ریاستی اسمبلی کے ڈیموکریٹک امیدوار سلمان بھوجانی کامیاب ہوگئے، امریکن پاکستانی سلمان بھوجانی مسلسل دوسری بار رکن ریاستی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق سلمان بھوجانی نے کہا کہ مجھے اب تک تقریباً 26 ہزار 513 ووٹس ملے ہیں جو حتمی نہیں، یہ ابتدائی نتائج ہیں، یہ تعداد ابھی بڑھے گی، میرے ڈسٹرکٹ کا مسئلہ ہے کہ لوگ ووٹ دینے باہر نہیں نکلتے کیونکہ یہاں کام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ڈسٹرکٹ میں ساؤتھ ایشین اور پاکستانی صرف ایک فیصد ہیں، میرے چار منصوبے ہیں جس پر میں کام کرتا ہوں اور وہ صحت، تعلیم، معیشت اور مذہبی آزادی ہے، ان ہی پر کام جاری رکھوں گا، اس سے قبل سلمان بھوجانی نے گورنر سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ڈیموکریٹ ٹکٹ پر ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے لیے امیدوار سلیمان لالانی بھی مضبوط امیدوار ہیں۔اس کے علاوہ مشی گن میں عائشہ فاروقی، نیویارک میں ری پبلکن ٹکٹ پر عامر سلطان، پنسلوینیا میں ڈیموکریٹ ٹکٹ پر مریم صبیح امیدوار ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے لیے واحد امیدوار ایرن بشیر کا پنسلوینیا میں مقابلہ ہورہا ہے۔