لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف لندن سے جنیوا روانہ ہو گئے جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ 4 دن قیام کریں گے۔
لندن سے روانگی کے موقع پر میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ جنیوا جارہا ہوں، واپس آکر بات کروں گا، دوسری جانب لیگی کارکن اپنے قائد کو الوداع کہنے کیلئے کئی گھنٹے پہلے ہی ایون فیلڈ پہنچ گئے تھے۔
اس موقع پر صحافیوں کے مریم نواز کی صحت اور سیاست کے بارے میں سوالوں کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی صحت ٹھیک ہے، سیاسی معاملات پر واپسی پر بات ہوگی۔
خیال رہے نواز شریف جنیوا میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ تقریباً 4 دن گزاریں گے، مریم نواز تبدیل شدہ پروگرام کے تحت اب پاکستان سے لندن آنے کے بجائے سیدھا جنیوا جائیں گی اور وہ وہاں اپنے گلے کا معائنہ کرائیں گی۔
یاد رہے مریم نواز کے گلے کا آپریشن گزشتہ برس جنیوا میں ہی ہوا تھا ، وہ جنیوا میں اپنا علاج مکمل کرا کر نواز شریف کے ہمراہ لندن پہنچیں گی۔