جسٹس منظور ملک، جسٹس منصور علی کا دورہ کوٹ لکھپت، کیمپ جیل اور ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ

جسٹس منظور ملک، جسٹس منصور علی کا دورہ کوٹ لکھپت، کیمپ جیل اور ڈسٹرکٹ جیل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج صاحبان جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سید منصور علی شاہ نے گزشتہ روز عید کی خوشیاں بانٹنے کےلئے ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ، کیمپ جیل لاہور اور کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور 53 قیدیوں کی ذاتی مچلکوں پر رہائی کے احکامات جاری کئے۔ جج صاحبان نے لاہور، شیخوپور اور ننکانہ صاحب کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے مہینے میں کم از کم ایک بار اپنی متعلقہ جیلوں کا دورہ کریں اور قیدیوں اور انکے مقدمات کے حوالے سے معلومات حاصل کریں۔ جج صاحبان نے کہا کہ ایسے مقدمات جن میں ملزم کو ضمانت دی جا سکتی ہے میں خواتین کا حق ہے کہ انہیں زیادہ دیر کےلئے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند نہ کیا جائے۔جج صاحبان نے مزید کہا کہ سیشن جج صاحبان اس عید کے فوراََ بعد دو خواتین ججز(ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ) کی ڈیوٹی لگائیں جو کہ خواتین قیدیوں کے ساتھ ملاقات کر کے انکے مسائل اور مقدمات سے آگاہی حاصل کریں اور رپورٹ مرتب کرکے عدالت عالیہ کو ارسال کریں۔ فاضل جج صاحبان نے چھوٹے چھوٹے مقدمات میں قید افراد کو رہا نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے لبرٹی گول چکر پر تحریک انصاف کے دھرنے سے گرفتار کئے گئے کمسن بچے محمد سبطین کی رہائی کا حکم دیا ۔ فاضل جج صاحبان نے کہا کہ چھوٹے مقدمات میں ضمانتیں نہ ہونا اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ موجودہ نظام میں خامیاں ہیں جنہیں ختم کیا جانا چاہیے۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ جیلوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آٹومیشن کو متعارف کروانے کےلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس سے جیلوں کے ڈیٹا تک آسا ن رسائی ممکن بنائی جائے گی اور جیلیں عدالت عالیہ کے ساتھ منسلک ہوجائیں گی جس سے مقدمات کو جلد نمٹانے کےلئے جیلوں سے آن لائن ریکارڈ حاصل کیا جا سکے گا۔فاضل جج صاحبان نے قیدیوں کے ساتھ مصروف ترین دن گزارا۔ اس سلسلے میں انہوں نے پہلے ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کا دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ ، نذیر احمد گجانہ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب، چوہدری مشتاق احمد گوندل، ڈپٹی انسپکٹر جنرل ملک مبشر احمد خان اور دیگر جوڈیشل افسران نے فاضل جج صاحبان کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں فاضل جج صاحبان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور، طارق افتخار اور جیل حکام کے ہمراہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل اور کیمپ جیل کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر فاضل جج صاحبان نے شیخوپورہ جیل سے 25 ، کیمپ جیل سے17 اورکوٹ لکھپت جیل سے 11 قیدیوں کو ذاتی مچلکوں پر رہا کئے جانے کے احکام جاری کئے۔ جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس منصور علی شاہ نے قیدیوں میں عید کے خصوصی تحفے بھی تقسیم کئے۔ قیدیوں سے گفتگو کرتے جج صاحبان نے کہا کہ انہیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے اور جیل کی زندگی کو نصیحت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور اپنی زندگیاں اسلامی اصولوں کے مطابق گزارتے ہوئے صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں اور خود کی اصلاح کر کے ذمہ داری شہری بنیں۔

مزید :

صفحہ آخر -