قارئین کو عیدالاضحی مبارک ، وزیراعظم نواز شریف ، زرداری نے اپنی رہائش گاہ ، عمران خان نے پریڈگراﺅنڈ میں نمازعید پڑھی

لاہور، اسلام آباد، ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں آج (پیر) کو عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانیاں دی جارہی ہیں ۔
وزیراعظم نواز شریف ، حمزہ شہباز شریف ، وفاقی وزیراطلاعات اور دیگر لیگی رہنماﺅں نے جاتی عمراہ میں وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ پر نماز عید اداکی اور ملک کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی ۔ بلاول زرداری اور رحمان ملک نے بلاول ہاﺅس کراچی جبکہ سابق آصف زرداری نے بلاول ہاﺅس لاہورمیں نمازعیداداکی ۔ سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضاگیلانی نے بھی بلاول ہاﺅس میں آصف علی زرداری کے ہمراہ عید پڑھی ۔
عمران خان اور شیخ رشید نے پریڈ ایونیو میں ہزاروں کارکنان کے ہمراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کی امامت میں نماز عید اداکی اورمنہ بولے بھائی سے عید ملے ۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے تمام لوگوں کو عیدکی مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ آج خوشی کا دن ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد میں سیلاب متاثرین کے ساتھ عید کی نماز اداکی اورمتاثرین میں تحائف تقسیم کیے ، اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ خوشی ہویا غم ، حکومت پنجاب متاثرین کے ساتھ ہے ، بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وانا میں جوانوں کے ساتھ عیدپڑھی اور جوش وجذبے کو سراہتے ہوئے جوانوں سے عیدملے ۔
چیف جسٹس آف پاکستان ناصرالملک نے سوات میں اپنے آبائی علاقے گل کدہ میں نمازعید اداکی ۔
جاوید ہاشمی نے شاہی عیدگاہ ملتان،گورنر سندھ نے پولوگراﺅنڈ اور ایم کیوایم کے دیگر قیادت نے نائن زیروپر نماز عید اداکی ۔
نمازعیدین کی بڑی تقاریب بادشاہی مسجد لاہوراور فیصل مسجد اسلام آباد میں ہوئی جہاں ہزاروں مسلمانوں نے نماز عید اداکی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں ۔