انڈر 12 ہاکی کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آغازہوگیا

انڈر 12 ہاکی کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آغازہوگیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام انڈر 12 ہاکی کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آغازہوگیا۔ پہلے روز شرکت کیلئے 16 بچے آئے۔ اولمپئین ریحان بٹ بھی اپنے دو بچوں کے ہمراہ کیمپ میں آئے اور ننھے بچوں کو ہاکی کے متعلق بتایا۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے عرفان ضیاء کی انتھک کوششوں سے کافی عرصہ کے بعد ایک بار پھر انڈر 12 ہاکی ریگولر بنیادوں پر شروع کی گئی ہے۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے صدر توقیر ڈار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 2006ء میں ہم نے پہلی بار انڈر 12 ہاکی شروع کی اور آج ان بچوں میں سے بہت سارے بچے قومی ٹیم میں کھیل رہے ہیں کچھ جونیئر ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہے۔ اس عمر میں جو بچہ ہاکی شروع کرتا ہے اس کو قدرتی طورپر شوق ہو جاتا ہے اور وہ اپر لیول تک اچھی ہاکی کھیلتا ہے۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کا مقصد ہی پاکستان میں ہاکی کا فروغ ہے۔ اس موقع پر اولمپئین ریحان بٹ نے ڈار ہاکی اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے چھوٹے بچوں کو نہ صرف ہاکیاں فراہم کیں بلکہ ان کی ٹریننگ کا انتظام بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں سے شروع کریں گے تو ہاکی اوپر تک فروغ پائے گی۔ اس موقع پر بچوں کے والدین کی ایک بڑی تعداد بھی گراؤنڈ میں موجود تھی۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے سیکرٹری عرفان ضیاء کے مطابق 16 بچوں میں چھ سال سے 11 سال تک کی عمر کے بچے زیادہ ہیں۔ ان بچوں کا شوق دیدنی تھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی