والی بال فیڈریشن کا نیشنل لیول کے ٹورنا منٹس منعقد کرانے کا اعلان
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن نے آزاد جموں کشمیر ،گلگت بلتستان، فاٹا، اسلام آباد اور لاڑکانہ میں نوجوان نسل کو والی بال کے کھیل کی جانب راغب کرنے کے لئے نیشنل لیول کے ٹورنا منٹس منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں تاریخوں کا اعلان یوم عاشور کے بعد کیا جائے گا ۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر ظفر عباس لک نے اولمپک ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ ملک بھر میں والی بال کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے انٹرکلب ، انٹر سکولز ، انٹر کالجیٹ، انٹر یونیورسٹی والی بال چمپئن شپ کے ساتھ ساتھ انٹر ڈویژن والی بال چمپئن بھی منعقد کروائی جائے گی علاوہ ازیں ملک بھر کے گرلز کالجز اور یونیورسٹیوں میں والی بال کے کھیل کو فروغ دیا جائے گا ، کھیل کے میدان آباد کرکے ہی ہسپتال ویران کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مشن و الی بال کے کھیل کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج ، خوبصورت پاکستان اور پاکستانیوں کے پرامن رویوں کی عکاسی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک پرامن ملک ہے یہاں کے لوگ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں لہذا مختلف کھیلوں کی غیر ملکی ٹیموں کو بلاخوف وخطرہ پاکستان آکر مختلف ایونٹس کے مقابلوں میں حصہ لینا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ و الی بال کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے حکومت سے ملنے والی سالانہ گرانٹ ناکافی ہے والی بال کے فروغ، مقابلوں کے انعقاد، جونیئر کھلاڑیوں کو گروم کرنے کے پروگراموں اور عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے ہر سال کم از کم 3کروڑ روپے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے والی بال کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے قائداعظم والی بال چمپئن شپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں ملک بھر سے ٹیمیں شرکت کریں گی جن کو مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیاں اسپانسرز کریں گی، قائداعظم والی بال چمپئن شپ میں مختلف ٹیموں کی طرف سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان والی بال ٹیم میں کھیلنے کا چانس دیا جائے گا۔