آفریدی کی پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیموں کی کھلاڑیوں سے ملاقات
کراچی(آئی این پی) قومی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے دورہ بنگلہ دیش ملتوی کرنے پر آسٹریلیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین سیکیورٹی فراہم کی جا نے کے باوجود معمولی وجوہات پر دورہ منسوخ نہیں کرنا چاہیے۔ پیر کو پاکستانی اور بنگلہ دیشی ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کیلئے کراچی پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ سیکیورٹی انتہائی سخت تھی لیکن معمولی مسائل کی وجہ سے دورہ منسوخ نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان اور سری لنکا کو تھوڑے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس طرح کے سیکیورٹی خدشات کا مقابلہ کرنا چاہیے کیونکہ عالمی ٹیموں کے پاکستان نہ آنے سے ہمیں بہت نقصان ہوا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ بنگلہ دیش کا اپنی ٹیم دورہ پاکستان پر بھیجنا خوش آئند ہے، ہمارا ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے کرکٹ بحال ہو جائے گی اور ہم ویمن ٹیم بھیجنے پر بنگلہ دیشی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بنگلہ دیش کی مردوں کی ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل پہلا اچھا قدم ہے۔اس موقع پر ٹی ٹوئنٹی کپتان نے بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔