داعش نے جنوبی شام کے قدیمی شہر پیلمائرا میں فتح کے محراب کو مسمار کر دیا

داعش نے جنوبی شام کے قدیمی شہر پیلمائرا میں فتح کے محراب کو مسمار کر دیا

دمشق( آن لائن ) شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے جنوبی شام کے قدیمی شہر پیلمائرا میں ایک اور عمارت کو زمیں بوس کر دیا ہے۔پیلمائرا کے آثار قدیمہ کو بچانے کے لیے کوشاں ایک رضاکار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جنگجوؤں نے ’آرچ آف ٹریئمف‘ یعنی فتح کے محراب کو خاک میں ملا دیا ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس کی تعمیر کوئی دو ہزار سال قبل ہو ئی تھی۔خیال رہے کہ ابھی یہ علاقہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے قبضے میں ہے۔اس سے قبل دولت اسلامیہ نے اسی مقام پر دو معبدوں کو پہلے ہی مسمار کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کے ثقافت کا ادارہ یونیسکو اسے قدیم دنیا کے اہم ثقافتی مراکز میں شمار کرتا ہے۔پیلمائرا کے رضاکار محمد حسن الحومسی نے بتایا: ’محرابِ فتح کو نیست نابود کر دیا گیا ہے۔ یہ کام دولت اسلامیہ نے کیا ہے۔‘ یونیسکو پیلمائرا کے باقیات کو قدیم دنیا کے اہم ثقافتی مراکز میں شمار کرتا ہے شام کے بحران پر نظر رکھنے والی لندن میں قائم انسانی حقوق کی آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ وہاں موجود ذرائع نے اس آثار قدیمہ کی تباہی کی تصدیق کی ہے۔شام میں آثار قدیمہ کے سربراہ مامون عبدالکریم نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے ۔

مزید : عالمی منظر