فیسوں کے حوالے سے آرڈیننس پر عمل نہ کرنیوالے سکولوں کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ

فیسوں کے حوالے سے آرڈیننس پر عمل نہ کرنیوالے سکولوں کے خلاف کارروائی کا حتمی ...

لاہور( جنرل رپورٹر) پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں کے حوالے سے جاری ہونے والے آرڈیننس پر عمل درآمد نہ کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔پہلے مرحلہ میں ڈی سی ا و لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے ای ڈی او (ایجوکیشن) لاہور ڈاکٹر پرویز اختر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے پرائیویٹ سکولز جو اپنی فیسوں کو2014والی جگہ پر واپس نہیں لے کر گئے ہیں ان کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں اور جن نجی سکولوں کے خلاف ابتک اس ضمن میں شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ وقت کو ضائع کیے بغیر ان کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ان سے7روز کے اندر اندر جواب طلب کیا جائے۔ دوسرے مرحلہ میں نوٹسز جاری ہونے کے باوجود آرڈیننس پر عمل درآمد نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پر ڈی او(سی) سندس ارشاد کی زیر صدارت رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ جس میں ای ڈی او(ایجوکیشن)، ڈی ایم او لاہور، ادیب جادوانی اور دیگر نے شرکت کی۔ جس میں پرائیویٹ سکولز کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ آرڈیننس پر عمل درآمد کریں ورنہ ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1