بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، چوہدری ظہیرالدین

بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، چوہدری ظہیرالدین

لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے15سو اموات برداشت کرنے والے سستی بجلی کے منصوبے کالا باغ ڈیم کی مخالفت ترک کردیں ۔انہوں نے خواجہ آصف کی طرف سے واپڈا کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کالا باغ ڈیم کیلئے مخلص ہیں تو پنجاب اسمبلی کی کالا باغ ڈیم کے حق میں قرارداد کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لائیں اور اس کو بنیاد بنا کر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا عملی آغاز کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے ایک اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا کہ ن لیگ کالا باغ ڈیم کا ذکر کرکے پنجاب میں بلدیاتی و ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے پنجاب کارڈ کی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔کیونکہ کالا باغ ڈیم کا نام لیکر پنجاب میں حکومت کرنے والی ن لیگ نے اپنے انتخابی منشور سے کالا باغ کو ہی نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر ، توانائی بحران کا خاتمہ اور سستی بجلی کا حصول صرف اور صرف کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ہی ممکن ہے نندی پور جیسے دیگر تھرمل منصوبے قومی دولت کا ضیاع اور مہنگی بجلی کا باعث ہیں جو عوام اور صنعتکار دونوں کے مفادات کے خلاف ہے اس لیے حکومت فوری طور پر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کرے کیونکہ یہ واپڈ ا کے قابل عمل منصوبوں میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے جہاں ایک طرف سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے وہاں دوسری طرف اسی سیلابی پانی کو سارا سال زراعت کیلئے استعمال کرکے پاکستان کو خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1