سینٹری ورکرز کی سیفٹی کے لئے ہرممکن حفاظتی اقدامات کئے جائیں،ملک ندیم

سینٹری ورکرز کی سیفٹی کے لئے ہرممکن حفاظتی اقدامات کئے جائیں،ملک ندیم

لاہور(خبر نگارخصوصی)صوبائی وزیر زکوۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ گٹروں اور پرانے کنوؤں کی صفائی کرنے والے سینٹری ورکرز کی سیفٹی کے لئے ہرممکن حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور انہیں حفاظتی آلات فراہم نہ کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سینٹری ورکرز کی حفاظت کے لئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، فنانس ، ہاؤسنگ ، منصوبہ بندی و ترقیاتی کے نمائندے کے علاوہ دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ گٹروں اور کنوؤں کی صفائی کرنے والے ورکرز کو گیس ماسک ، آکسیجن سلنڈرز ، ڈی ٹیکٹرز،بیلٹس، رسیاں، لانگ شوزاوردیگر حفاظتی آلات کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی 35 ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو حفاظتی آلات فراہم کر دیئے گئے ہیں جبکہ باقی کی ٹی ایم ایز کو ان آلات کی فراہمی کی تفصیل اور اس سلسلہ میں درپیش مسائل بارے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔ ملک ندیم کامران نے سینٹری ورکرز کی جان کے تحفظ کے لئے تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹر جنرل امپلیمنٹیشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے کر 31 اکتوبرتک اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1