بلدیاتی الیکشن عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق طے شدہ شیڈول میں کروایاجائے،وسیم اختر

بلدیاتی الیکشن عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق طے شدہ شیڈول میں ...

لاہور(خبر نگارخصوصی)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیراحمدجنجوعہ نے کہاہے کہ حکومت پنجاب ضمنی انتخابات اور بلدیاتی الیکشن کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے عملی اقدامات کرے۔ بلدیاتی الیکشن کو عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق طے شدہ شیڈول میں کروایاجائے۔بلدیاتی الیکشن میں پہلے ہی خاصی تاخیر ہوچکی ہے۔آئینی وجمہوری تقاضاہے کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں لاہور اور دیگر اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کومنصفانہ بنانے کے لئے بے حدضروری ہے کہ حکومت پنجاب ان اضلاع میں سرکاری ترقیاتی فنڈز کے غیر قانونی استعمال کوروکے۔مسلم لیگ(ن)کے ممبران قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلیوں کوترقیاتی فنڈزدے کر دھاندلی کاراستہ ہموار کیاجارہاہے جوکہ کسی بھی طور مناسب حکومتی طرزعمل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات مقرر کردہ وقت پر ہونے چاہئیں۔اگر حکومت پنجاب نے حسب سابق مختلف حیلوں اور بہانوں سے اس میں تاخیر کی تومسلم لیگ(ن)کواس کاسیاسی نقصان پہنچے گا اور عوام اس سے مزیدبدظن ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی اور مقامی جماعتوں کے انتخابات کابروقت اور غیرجانبدارانہ انعقاد حکومت کی بنیادی اور اولین ذمہ داری ہے۔2013کے عام انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات حکمران جماعت پر لگائے گئے تھے۔اب پنجاب حکومت کوچاہئے کہ وہ دوبارہ ایسے الزامات سے بچے اور ضمنی وبلدیاتی انتخابات کے انعقاد کوپُرامن اور شفاف بنائے۔بلدیاتی انتخابات میں تاخیر جمہوریت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1