آپریشن ضرب عضب پاکستان بچانے کا قومی جہاد ہے،چوہدری محمد عاکف

آپریشن ضرب عضب پاکستان بچانے کا قومی جہاد ہے،چوہدری محمد عاکف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) انجمن طلباء اسلام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے ساتھ ہے۔ آپریشن ضرب عضب پاکستان بچانے کا قومی جہاد ہے۔ اہل حق انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔قانون ناموس رسالت ﷺتبدیل نہیں ہو نے دیں گے۔ کراچی کے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ برادری کی رہنمائی کیلئے انجمن کا کردار ایک رہنماسا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی آئی کے ضلعی نائب ناظم احمد یار مصطفائی کی دعوت ولیمہ کے سلسلہ میں منعقدہ عظیم الشان ’’فروغ عشق رسولﷺ کانفرنس ‘‘کے شرکاء سے انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر چوہدری محمد عاکف طاہر ،مرکزی سیکریڑی جنرل محمد ریحان طاہر قادری ،سابق صدر رضوان یوسف ،مرکزی رہنما محمداکرم رضوی،ناظم پنجاب احسان جٹ ،چیئرمین یونیورسٹیز کونسل پنجاب غفران سرور گانو،رفیق انجمن شہزادہ بٹ ،جنرل سیکریڑی پنجاب عمران قادری،ناظم کشمیرطاہرحسین قادری ،ناظم ضلع قصور اشتیاق احمد بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مقررین نے کہاکہ مکین گنبد خضری ﷺ سے اپنا تعلق مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔


دنیا کی کوئی باطل قوت تمہارے سامنے دم نہیں مار سکتی ۔خوف خدا اور عشق رسول ﷺ ایسے ہتھیار ہیں جن کے سامنے دنیا کا ہر ہتھیارناکام اور بے کار ہے۔وطن عزیز کی نظریاتی اساس کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔ پاکستان کو سیکولرسٹیٹ نہیں بننے دیں گے۔ فروغ عشق رسول ﷺ کی تحریک کا پیغام گلی گلی اور قریہ قریہ عام کیا جائے گا ۔ملک میں امریکہ نہیں رسول اللہ کی غلامی سے امن آئے گا۔ اہل حق قیام پاکستان کی طرح استحکام پاکستان کی جدوجہد میں بھی پیش پیش ہیں۔ اہل سنّت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان کی بقاء نظام مصطفی سے وابستہ ہے۔جہاد کے نام پر چلنے والی دکانیں بند ہونے والی ہیں۔ اہل سنّت پاک وطن کے حقیقی وفادارہیں۔سیکولر عناصر اور انکے ہم خیال ناموس رسالت ﷺ میں تبدیلی کا خواب دل سے نکال دیں ،قیامت تک انکا خواب پورا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا دین بیزار عناصر پاکستان کو لادین ریاست بنانا چاہتے ہیں۔اسلام کو دیس نکالا دینے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عالمی سطح پر انسداد توہین رسالت کے لیے قانون سازی ناگزیر ہوچکی ہے۔ گستاخیاں بند نہ ہوئیں تو غازی علم الدین شہید پیدا ہوتے رہیں گے۔ مسلمان عشق رسول کو اپنا اسلحہ بنائیں ۔ امن پسندوں کا اتحاد ہی امن دشمنوں کی موت ہے۔ اہل حق انقلاب نظامِ مصطفےٰ کے لیے متحد ہوجائیں۔ جہاد کے نام پر ہونے والے فساد نے اسلام کو بدنام کیا ہے۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ قید و بند کی صعوبتیں اور جیل کی سلاخیں عشق رسول ﷺ کے پیغام رسانوں کے راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں ۔کیونکہ ہم بازار مصطفے ﷺ میں بک چکے ہیں ۔نوجوان طالب علموں کی سوچوں کے دھاروں کا رخ مقام مصطفی ﷺ کے تحفظ، نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کی طرف موڑنا ہو گا۔نوجوان قوموں کا سرمایہ عظیم ہوتے ہیں ۔ْقوموں کے عروج و زوال میں نوجوانوں بالخصوص طلباء کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔کانفرنس کے اہم شرکاء میں سابق سیکریڑی تعلیم پروفیسر حفیظ جنجوعہ،سابق ایم پی ،اے چوہدری نزاکت علی ،نائب ناظم ضلع قصور محمد اسلم بھٹی ، جنرل سیکریڑی ضلع قصور حافظ فیض الرسول ربانی ،ناظم لاہور عامر اسماعیل ۔صدر مصطفائی تحریک لاہور حافظ مسعود احمد ،طاہر امین،شہزاد قمر،چوہدری عاصم کچا،سابق ناظم سر حد نور احمد نورانی،اسد علی ،فنانس سیکریڑی عامر سہیل راجو،چوہدری سمیع اللہ جٹ اور دیگر تھے ۔جبکہ کانفرنس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں نظامِ مصطفی نافذ کیا جائے۔طلباء یونین کے انتخابات کروائے جائیں ۔ صدرمملکت اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرتے ہوئے غازی ممتاز قادری کی سزائے موت ختم کریں۔ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے اور دہشت گردوں کے ہمدردوں، سہولت کاروں اور مدد گاروں کو بھی پکڑا جائے۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کام کرنے سے روکا جائے۔ پاکستان میں غیر ملکی مذہبی مداخلت روکی جائے۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔