وزیرداخلہ کا کراچی میں جعل سازی سے جائیداد ہتھیانے کی واردات کا نوٹس

وزیرداخلہ کا کراچی میں جعل سازی سے جائیداد ہتھیانے کی واردات کا نوٹس

اسلام آباد(این این آئی)وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی میں مبینہ جعل سازی کے نتیجے میں جائیداد ہتھیانے کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو نیب سے رابطہ کر کے واقعے کی مشترکہ تفتیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی خبر میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ کراچی صدر میں دو وکلاء نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات بنوا کر اصل مالک عرفان احمد کو اسکی قانونی جائیداد سے محروم کر دیا۔ خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ نے ایف آئی اے کو نیب سے رابطہ کر کے واقعے کی مشترکہ تفتیش کرنے کی ہدایت کردی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ کسی کو جعل سازی یا دھونس دھمکی سے غیر قانونی طور پر جائیداد سے محروم کرنے کی قطعاًاجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ متاثرہ شخص کو انصاف کی فراہمی اورہر ممکن قانونی مدد فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نیب کے ساتھ ملکر کراچی میں قبضہ مافیا کے خلاف جاری مہم کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

مزید : علاقائی