کراچی ،عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1285ویں عرس کا آغاز ہوگیا

کراچی ،عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1285ویں عرس کا آغاز ہوگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ سید عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1285ویں عرس مبارک کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ، عرس کے پہلے روز گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزار پر حاضری دی اور مزار پر چادر چٖڑھاکر عرس کی تقریبات کا افتتاح کیا جبکہ کراچی اور اندرون ملک سے آنے والے ہزاروں زائرین نے عظیم صوفی بزرگ کیمزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ، تفصیلات کے مطابق سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے سلسلے میں محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مزار کے اطراف سیکورٹی کے خصوصی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں مزار پر آنیوالے زائرین مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں جہاں مکمل تلاشی کے بعد انہیں مزار پر جانے کی اجازت دی جارہی ہے ، محکمہ اوقاف اور زائرین کی جانب سے بڑے پیمانے پر لنگر کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ملک کے نامور قوال بارگاہ رسالت ﷺ میں اور حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے میں مصروف ہیں ، گورنرسندھ نے علی الصبح مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں ، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عظیم صوفی بزرگ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا انہوں نے کہا کہ سندھ اولیا کرام کی دھرتی ہے سید عبداللہ شاہ غازی ؒ اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے سندھ تشریف لائے اور یہاں امن وآشتی اور رواداری کا پیغام عام کیا ، عرس کے دوسرے روز آج منگل کے دن بعد نماز ظہر خواتین کی محفل میلاد منعقد ہوگی ، جس میں نامور خواتین ثناء خواں شرکت کریں گی جبکہ بعد نماز عشاء محفل نعت کا انعقاد ہوگا جس میں ملک کے نامور نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت ﷺ میں نزرانہ عقیدت پیش کریں گے

مزید : علاقائی