مشکوک گاڑی پولیس کے حوالے کرنے پرسی ٹی او کا وارڈنز کیلئے نقدانعام کااعلان

مشکوک گاڑی پولیس کے حوالے کرنے پرسی ٹی او کا وارڈنز کیلئے نقدانعام کااعلان

لا ہور (وقائع نگا رخصو صی ) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک سیکٹرمال تھری کے اہلکاروں نے چوری شدہ کار اور ڈرائیورکو حراست میں لے کرتھانہ پرانی انارکلی کے حوالے کردیا۔انہوں نے جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے انسپکٹر اور پٹرولنگ آفیسر کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنزٹریفک کے بہاۂ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر عوام کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹرمال تھری کے انچارج ظفر سلطان پٹرولنگ آفیسر عرفان قریشی اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ کالے شیشے ،اور مشکوک گاڑیوں کے خلاف کارروائی کر رہے تھے۔اسی دوران پٹرولنگ آفیسر عرفان قریشی نے استنبول چوک کے قریب ایک کار سوزوکی مہران نمبری LXG/261کو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیاڈرائیور نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی ٹریفک اہلکاروں نے ڈرائیورمنظور سکنہ لاہور کو روک لیاجو گاڑی کی ملکیت کے ثبوت بارے مناسب جواب نہ دے سکا۔ٹریفک اہلکاروں نے انارکلی پولیس کو کال کی جس پر تھانہ کے اہلکاروں نے آکر گاڑی چیک کی جس کا انجن نمبر ٹمپر شدہ تھا۔ٹریفک اہلکاروں نے تمام حالات افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ڈرائیور منظور کو مسروقہ گاڑی سمیت متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا ۔ سی ٹی اونے جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے انسپکٹر اور پٹرولنگ آفیسر کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ طیب حفیظ چیمہ نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے ساتھ مشکوک عناصر اور مشکوک گاڑیوں پر بھی کڑی نظررکھیں جبکہ شہری کسی بھی تجویذ یا معلومات کیلئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

مزید : علاقائی