کراچی:سردی سے قبل لنڈا مہنگا کرنے کی تیاری، کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ
کراچی (آئی این پی)سردی کی آمد سے پہلے حکومت نے پرانے کپڑوں پر کسٹم ڈیوٹی کا ویلیوایشن ریٹ بڑھا دیا ہے۔ خدشات ہیں کہ رواں سال لنڈے کے گرم کپڑے مہنگے دستیاب ہونگے۔تفصیلات کے مطابق پرانا حاجی کیمپ کراچی پر گرم کپڑوں کے بنڈل شمالی وزیرستان بھیجے جانے کے لئے تیار ہو رہے ہیں۔ یہ تیاریاں ہیں آنے والے سرد موسم کی۔ عرف عام میں لنڈا کہلانے والے ان کپڑوں کا استعمال ملک کے کم و بیش تمام علاقوں میں ہوتا ہے۔
ان کپڑوں کو بیرون ملک سے در آمد کیا جاتا ہے جس پر پانچ فیصد ڈیوٹی، پانچ فیصد سیلز ٹیکس، تین فیصد ایڈیشنل سیلز ٹیکس، چھ فیصد انکم ٹیکس اور دو فیصد آفٹر سیلز ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ مال کو ملک کے دور دراز علاقوں تک لے جانے کا کرایہ اس سب کے علاوہ ہے۔ لیکن اس کے باوجود یہ کپڑے ایک عام شخص کی پہنچ میں آ جاتے تھے لیکن خدشات ہیں کہ حکومتی ٹیکس پالیسی کی وجہ سے حالات بہت جلد بدل جائیں گے اور لنڈا بھی پاکستان کے عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائے گا۔محکمہ کسٹم نے ویلیوایشن ویلیو کو بڑھانے کا یک طرفہ فیصلہ کر لیا ہے جو اوسطاً ترپن فیصد بڑھا دی گئی ہے۔ سردی کے موسم میں گرم کپڑوں کے علاوہ کمبل اور لحاف بھی در آمد کئے جاتے ہیں۔