خلائی سائنس اور جغرافیائی اطلاعاتی نظام سے زرعی پیداواربڑھ سکتی ہے

خلائی سائنس اور جغرافیائی اطلاعاتی نظام سے زرعی پیداواربڑھ سکتی ہے

فیصل آباد( اے این ین )زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ خلائی سائنس اور جغرافیائی اطلاعاتی نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی زرعی پیداوار میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ورلڈ سپیس ویک کے سلسلے میں منعقد کی جانیوالی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے موسموں اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے متوقع طوفانوں کا جائزہ بھی سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے لیا جا سکتا ہے ۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے سپارکو کی سیٹلایٹ ٹیکنالوجی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے اس میں مزید وسعت کی توقعات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک پریسین ایگریکلچر کے ذریعے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں فوڈ سیکیورٹی کے امکانات پر کام کر رہے ہیں جو ہمیں بھی ملکی سطح پر شروع کرنا ہوگا۔ا س سے پہلے سپارکو کے ڈائریکٹر نیشنل ایگری کلچر انفارمیشن ، اعجاز احمد بھتہ نے اپنے افتتاحی کلمات میں نوجوان نسل کو دریافت کے فلسفے پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کرتے ہوئے اس میں اپنی توانائیاں برئے کار لانے پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ نئی کہکشاؤں اور نظام شمسی تلاش کرنے میں صف اول کا کردار ادا کیا۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خلائی سائنس میں مہارتوں کے لئے خود کو ابھی سے تیار کرنا شروع کر دیں ۔

اس موقع پر ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت و ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی ۔ واک کے شرکاء نے خلا کی اہمیت کے بارے میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔سپیس ویک تقریبات کے سلسلے میں یونیورسٹی ڈی گراؤنڈ میں تیکو انڈو کا خصوصی نمائشی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جس ا اہتمام گرلز ھاسٹلز کی سپورٹس انچارج عاصمہ شہزادی نے کیا تھا۔ اس موقع پر واٹر راکٹ مقابلوں کا اہتمام بھی کیاگیا۔ جس میں فیصل آباد کے 28 سکولوں کے طلباؤ طالبات نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ 3 روزہ تقریبات کے کنوینئر پرنسپل آفیسر لیبارٹری سکول اینڈ کالج سسٹم ڈاکٹر خلیل الرحمان ہیں ۔ اور ان تقریبات میں ان کی زیر نگرانی سکولوں کے طلباء وطالبات بڑھ چڑھ کر لے رہے ہیں۔ ورلڈ سپیس ویک کے سلسلے میں دوسرے روز پوسٹر و ماڈل مقابلہ جات اور گرلز سکول میں ایک نمائشی چک بال میچ بھی کھیلا جائیگا۔تیسرے روز طالبات میں سائیکلنگ کے مقابلے ہونگے جبکہ مختلف سکولوں کے ما بین تقریری اور کوئز مقابلہ جات منعقد کیے جائینگے جبکہ اسی روز تقریب تقسیم انعامات بھی منعقد کی جائیگی۔

مزید : کامرس