پی آئی اے پالپا تنازع قوم کے ساتھ مذاق ہے ،پیپلزپارٹی

پی آئی اے پالپا تنازع قوم کے ساتھ مذاق ہے ،پیپلزپارٹی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر عامر علی خان مگسی،سید غلام مصطفی شاہ اور اصغر علی شاہ نے سول ایوی ایشن ، پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے مابین جاری تنازعہ کو قوم کے ساتھ مذاق اور ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازعہ عین اس وقت سامنے آیا کہ جب پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز کر چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعے کو جان بوجھ کرپیدا کیا گیا تاکہ ایک طرف قوم کی توجہ سانحہ منیٰ سے ہٹائی جاسکے تو دوسری جانب ایسے حالات پیدا کئے جائیں جن کے ذریعے پی آئی اے کوایک ناکام ادارہ ثابت کرکے اس کی نجکاری کے ماحول کو ساز گار بنایا جاسکے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک ایک طرف دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے اور دوسر ی طرف ریاست کی عملداری مسلسل پستی کی جانب گامزن ہے لیکن ن لیگ کی حکومت تمام تر حالات سے بے نیاز ہوکرحساس ملکی اثاثوں کی نیلامی پر مضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں ملکی اثاثوں کی بحالی اور ترقی کے لئے بہت کام کیا لیکن ن لیگ کی حکومت قوم و ملک کے مفادات کے برخلاف ایسے اقدامات اٹھارہی ہے جس سے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کی نااہلی سے سول ادارے اپنا کام قومی جذبہ کے تحت سرانجام نہیں دے رہے جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کو سخت تشویش ہے۔

مزید : صفحہ آخر