چینی قونصلیٹ کی سکیورٹی، علاقہ کے رہائشیوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں،عدالت کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں چین کے قونصلیٹ کی سکیورٹی کے لئے سڑکوں کی بندش کے خلاف دائردرخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ علاقہ کے رہائشیوں کو آسان متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔مسٹرجسٹس شجاعت علی خان نے شہری راناذوالفقار علی خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیاتھا جو گزشتہ روز سنا دیا گیا ، عدالت نے قراردیا ہے کہ چائنیز قونصلیٹ کی سیکورٹی کے نام پر رہائشیوں کی آمدورفت میں مشکلا ت پیدا نہ کی جائیں ، رہائشیوں ان کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں، اگرکسی رہائشی کو ان رکاوٹوں کے حوالے سے کوئی شکایت ہوتو وہ سی سی پی او کی ہدایت پر بنائی جانیوالی متعلقہ کمیٹی سے رجوع کرسکتا ہے۔ درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیارکیا تھا کہ چائنیزقونصلیٹ کی حفاظت کے لئے مسلم ٹاؤن کے علاقہ میں سڑکوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے عام ٹریفک کے لئے بندکردیاگیاہے، چائینز قونصلیٹ کوسکیورٹی فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے لیکن سکیورٹی کے نام پر سڑکوں کی بندش سے علاقے کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامناہے، درخواست گزارکے وکیل نے عدالت سے استدعاکی کہ چائینز قونصلیٹ کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے نام پر کھڑی رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم دیاجائے،سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایاکہ موجود ملکی حالات میں چائینیز قونصلیٹ کی سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،سڑکوں کی بندش کا الزام غلط ہے،شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جارہے ہیں۔