توہین عدالت پرڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشد اسلام طلب

توہین عدالت پرڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشد اسلام طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشد اسلام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22اکتوبر کو طلب کرلیاہے۔مسٹرجسٹس شجاعت علی خان نے شہری میاں محمدعباس کی جانب سے ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشد اسلام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزارکے وکیل محمددین انصاری نے موقف اختیارکیاکہ درخواست گزارنے قصور میں ریلوے کی اراضی لیزپرلے رکھی ہے،درخواست گزارریلوے شرائط کے مطابق لیزکی مدت میں توسیع کراناچاہتاہے،ریلوے حکام کی جانب سے اراضی کی مدت میں توسیع نہ کرنے پراس نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ، عدالت نے 3 اگست 2012ء کو درخواست نمٹاتے ہوئے ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے کو درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا لیکن عدالتی حکم کے باوجود ابھی تک اس کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیاگیا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکم عدولی پر چیئرپرسن ریلوے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت میں ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ کی جانب سے جواب داخل کرایاگیا لیکن عدالت نے جواب کو عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے ارشد اسلام کو22 اکتوبر کوپیش ہونے کی ہدایت کردی ۔

مزید :

صفحہ آخر -