پاکستان کی حفاظت کرنا ہر محب وطن کا فرض ہے، عبدالرزاق چوہان

پاکستان کی حفاظت کرنا ہر محب وطن کا فرض ہے، عبدالرزاق چوہان

سیالکوٹ (بیورورپورٹ ) سنئیر نائب صدر ٹاون ڈویلپرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ چوہدری عبدالرزاق چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کا مضبوط ترین قلعہ ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے ہمیشہ رہے گا لیکن اس قلعے کی درو دیوار کی حفاظت کرنا ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے ۔ ملک پاکستان ہمارے پاس بزرگوں کی امانت ہے پاکستان کی سلامتی اور اسلام کے فروغ کے لئے امت مسلمہ مل جل کر جدو جہد کریں اور عوام کے اندر شعور اور حب الوطنی کو اجاگر کریں تاکہ ایک جنت نظیر معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وجود سے ہی ہمارا وجود ،آن بان اور شان قائم دائم ہے ہماری زندگی کی تمام رنگینیاں اس پاک وطن کی ترقی وخوشحالی اور بقاء و سالمیت کیساتھ وابستہ و پیوستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کو دنیا کی سب سے مضبوط مثالی وفلاحی مملکت بنانے کی خاطر ہر شعبہ زندگی سے منسلک افراد کو خلوص و نیت سے میدان عمل میں اترنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک وقوم کے وسیع تر مفاد کی خاطر بھی موثر کردارا دا کریں انہوں نے کہا کہ ملک سے بد امنی ، انتشار اور مسائل کا خاتمہ اُسی وقت ممکن ہے جب ہم آپس میں اتحاد کو فروغ دیں گے۔ اتحادو یگانگت کی فضاء کو مزید پروان چڑھا کر ہی وطن عزیز کو ایک مظبوط و مستحکم مملکت بنایا جا سکتا ہے۔

مزید : صفحہ آخر