بینرز لگانے پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا،2زخمی

بینرز لگانے پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا،2زخمی

لاہور(کرا ئم سیل )وحدت کالونی کے علاقہ میں دو مختلف واقعات میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز گروپ کے کارکنوں کے درمیان فلیکس اور بینرز اتارنے اور لگانے پر جھگڑا ہوگیا، یونین کونسل 217میں مسلم لیگ نواز گروپ کے امیدوار برائے کونسلرنے تشدد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کونسلر کے بھائی اور اس کے والد کو زخمی کردیا وحدت کالونی کے ہی علاقہ نواب پورہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے میاں اسلم اقبال کے بھائی میاں امجد اقبال اور مسلم لیگ نواز گروپ کے کارکنوں کے درمیان بینرز لگانے پر جھگڑا ہوا اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پی ٹی آئی کے زخمی کارکنوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال بجھوا کر تفتیش شروع کردی گئی ہے ، معلوم ہوا ہے کہ وحدت کالونی کے علاقہ عاشق آباد چوک میں پی ٹی آئی اور دیگر امیدواروں کی رات گئے نامعلوم افراد نے علاقے میں لگے ہوئے درجنوں فلیکس چوری کرلیے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے نامزد کونسلر عدنان کو اطلاع ملی کہ فلیکس مسلم لیگ نواز گروپ کے نامزد کونسلر خوشنود بٹ ، اس کے بیٹے بابو بٹ سمیت دیگر افراد نے مسلم لیگ کے راہنماؤں کے کہنے پر اتاری ہیں، علاقے کے رہائشیوں کی طرف سے اس بات پر احتجاج کرنے پر مسلم لیگ نواز گروپ کے کونسلر خوشنود بٹ اور اس کے دیگر ساتھی پی ٹی آئی کے نامزد کونسلر عدنان کے پاس پہنچ گئے جہاں ابھی ان کے درمیان بات چیت چل رہی تھی کہ خوشنود بٹ کے بیٹے بابو بٹ نے آہنی راڈ مار کر عدنا ن کے والد عبدا لرحمن اور بھائی کو شدید زخمی کردیا ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع پر علاقہ عاشق آباد چوک، شاہ کمال روڈ، کرنال پورہ، شاہ کمال کالونی سمیت دیگر علاقے کے رہائشیوں نے اس غنڈہ گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا ، یونین کونسل 217کے دیگر کونسلروں اور دیگر کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ نواز گروپ کے خوشنود بٹ اور دیگر کارکن ان کی فلیکس چوری کرنے کی واردات کررہے ہیں ۔ علاقے کے رہائشیوں نے مسلم لیگ نواز گروپ کے امیدواروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام سے ان کی غنڈہ گردی پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، وحدت کالونی کے علاقہ نواب پورہ میں پی ٹی آئی کے میاں امجد اقبال اور مسلم لیگ نواز گروپ کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں رات گئے تک درجنوں کارکن جائے وقوعہ پر موجود رہے جہاں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی ، اس سلسلہ میں وحدت کالونی پولیس سے جب رابطہ کیا گیا تو ڈیوٹی افسر کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پولیس ملاحظہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے ، ملاحظہ رزلٹ آنے پر فوری قانونی کاروائی کی جائے گی ذمہ دران کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے جونہی ملزمان کے خلاف تحریری درخواست ملے گی کارروائی کی جائے گی ۔

مزید : صفحہ اول