حمزہ شہباز سے علماء کرام کی ملاقات ،این اے 122میں مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان

حمزہ شہباز سے علماء کرام کی ملاقات ،این اے 122میں مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان

لاہور (پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور بین المذاہب رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی طرف سے این اے122اور پی پی 147میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ 11اکتوبر کو الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گی اور وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں عوام تعمیر وترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہو ں نے کہاکہ وطن عزیز کے لئے علماء کرام نے ہمیشہ لازوال خدمات سرانجام دیں ہیں اور آج بھی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھی باہمی اتحاد و یگانگت کے ساتھ آگے بڑھیں گے، ہماری قیادت نے ہمیشہ اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے گفتگو کی ہے جبکہ دوسری طرف سے دشنام طرازی اور الزام تراشی ان کی پہچان ہے ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہبازنے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ مشرف دور میں جہانگیر ترین نے کروڑوں کاقرضہ معاف کروایا جبکہ علیم خان قبضہ گروپ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے نیب سے پلی بارگین کیا اور پیسے بھی جمع نہیں کروائے انہوں نے کہاکہ قبضے اور جذبے کے مقابلے میں قبضہ دفن ہوجائے گا۔حمزہ شہباز نے بتایا کہ علماء کرام نے این اے 122میں سردار ایاز صادق اور میاں محسن لطیف کی انتخابی مہم میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کیاہے کیونکہ وہ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مکمل طور پرمطمئن ہیں۔انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ انشاء اللہ سردارایاز صادق اور میاں محسن لطیف پہلے سے زیادہ فرق کے ساتھ جیتیں گے۔قبل ازیں حمزہ شہباز نے بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں ہونے والی ملاقات میں مولانا سیف الدین سیف ،مولانا امجد خان ، مولانا زبیراحمد ظہیر ، ڈاکٹر منور چاند ، سردار جنم سنگھ ، علامہ مہدی حسن ،عبدالواہاب روپڑی ،مفتی عاشق حسین،موسیٰ بن نقوی اور دیگر علمائے کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علماء کرام این اے 122کے الیکشن کو حق اور باطل کا معرکہ سمجھتے ہیں کیونکہ ایک طرف اسلام سے لگاؤ رکھنے والے قیادت ہے جبکہ اس کا مقابلہ 126دن اسلام آبا د میں پھیلائی جانے والی فحاشی سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ علمائے کرام نے انتہائی سوچ سمجھ کر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حمایت کا فیصلہ کیاہے اور انشاء اللہ کامیابی میاں محمد نوازشریف کی ہی ہوگی ۔ حمزہ شہبا ز نے اجلاس کے شرکاء کاشکر یہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آج سیاست کا نہیں ملک کی تعمیر وترقی کا سوال ہے، وزیر اعظم دن رات پاکستان کی بہتر ی کے لئے ایک کئے ہوئے ہیں۔انہوں کہاکہ قومی قیادت بہتر ین حکمت عملی اور نیک نیت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور انشاء اللہ تمام روکاوٹوں کے باوجود 2018سے پہلے ملک کو درپیش چیلنجز سے عہد ہ برآ ہوجائیں گے۔اجلاس میں سردار جنم سنگھ نے پنجابی میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف اور ان کے خاندان کی پاکستان کے لئے خدمات کو سراہا جبکہ ایک اور عالم نے میٹروبس کے حوالے سے کہاکہ میرا بیٹا ہمیشہ پنجابی میں کہتا ہے کہ "چاچو شہبازدی رتی گڈی تے جانااے "جس پر محفل کشت زعفران بن گئی جبکہ شرکاء اس اجلاس کو ایک خوبصورت گلدستہ قرار دیتے رہے ۔اجلاس کے اختتام پر علماء کرام نے اکھٹے نماز مغرب بھی ادا کی ۔

مزید : صفحہ اول