ایم سی بی نجکاری سکینڈل ،ہائیکورٹ نے نیب کو کاروائی سے روکدیا

ایم سی بی نجکاری سکینڈل ،ہائیکورٹ نے نیب کو کاروائی سے روکدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو ایم سی بی نجکاری سکینڈل میں چیئرمین ایم سی بی میاں منشاء اورڈائریکٹر خواجہ جاوید اقبال کے خلاف تحقیقات میں حتمی کارروائی سے روکتے ہوئے چیئرمین نیب، وزارت قانون اور نجکاری کمیشن سے 20اکتوبر تک جواب مانگ لیا ہے ۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے چیئرمین مسلم کمرشل بینک میاں منشاء اور ڈائریکٹر خواجہ جاوید اقبال کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے نجکاری کمیشن کے تمام قواعد وضوابط پورے کرتے ہوئے نیلامی کے ذریعے بینک خریدا، نجکاری کمیشن آرڈیننس کی دفعہ 42 کے تحت بینک کی نجکاری میں کوئی بے ضابطگی ہوئی ہو تو کوئی بھی تفتیشی ادارہ ایک برس کے اندر اندر اس معاملے کی تحقیقات کر سکتا ہے ، ایک برس گزرنے کے بعد تحقیقات نہیں کی جا سکتیں مگر کئی برس گزرنے کے بعد نیب نے ایم سی بی نجکاری سکینڈل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جو آرڈیننس کی دفعہ 42کی خلاف ورزی ہے، نیب کی طرف سے تحقیقات میں شامل ہونے کے لئے میاں منشاء اور خواجہ جاوید اقبال کو طلبی کے نوٹسز بھجوائے جا رہے ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ نیب کو تحقیقات روکنے اور طلبی کے نوٹسز معطل کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے دونوں شخصیات کے خلاف نیب کی تحقیقات روکنے کی استدعا مسترد کردی تاہم چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ دونوں شخصیات کے خلاف تاحکم ثانی حتمی کارروائی نہ کی جائے ، فاضل عدالت نے چیئرمین نیب، وزارت قانون اور نجکاری کمیشن سے 20اکتوبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -