کورنگی سے ملزم گرفتار ،ابوالحسن اصفہانی سے ڈاکوپکڑا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے کاروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق کورنگی کے علاقے بنگالی پاڑہ میں خفیہ اطلاع پر کاروائی کی گئی اور ملز م سہیل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا،ملزم قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ہے،ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے تاریکی میں شہریوں کو لوٹنے کے لئے گھات لگائے بیٹھے ملزمان کو روکا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جس کے قبضے سے پسٹل اور موٹرسائیکل ملی ہے.لیاری میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو زرائع کے مطابق بغدادی کے علاقے شاہ بیگ لین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا،جبکہ چاکیواڑہ کے علاقے بکرا پیڑی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ضلع ایسٹ کے ایس ایس پی نے ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان کو شہری کو غیر قانونی طوپر پر قید کرنے پر معطل کردیا،ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ ٹیپو سلطان تھانے میں معصوم شہری کو غیر قانونی طور پر قید کیا گیا ہے اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر انہوں نے اس خبر کی تصدیق کے بعد ایس ایچ او ٹیپو سلطان آصف رؤف کو معطل کردیا ، اور شہری آصف رضا کو رہا کردیا ،ایس ایچ او نے معصوم شہری کو غیر قانونی طور پر قید کیا اور اس پر تشدد کیا،معاملے کی انکوائری ایس پی گلشن حسن سردار کے سپرد کردی گئی۔