اسلام آفاقی مذہب اور ابدی نظام حیات ہے ،عطیہ نثار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار نے کہا ہے کہ اسلام ایک آفاقی مذہب اور ابدی نظامِ حیات ہے ۔زندگی کے مسائل اسلام کی تعلیمات پر عمل در آمد کر کے ہی حل کیے جاسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی خواتین کے تحت ناظماتِ اضلاع کے تحت رپورٹنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دینِ فطرت ہے اور اس کی بنیاد ٹھیک انسانی فطرت پر قائم ہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ جو لوگ حق کی رہ اختیار کرتے ہیں وہ دراصل اپنے آپ کو عملی طور پر اللہ کے حوالے کردینے پر تیار ہوجاتے ہیں۔ یہ ایک عظیم مقصد اور دشوار مہم ہے ۔ لیکن آخرت کی کامیابی کی ضمانت اسی طرح حاصل ہوتی ہے۔رپورٹنگ اجلاس میں ناظماتِ اضلاع نے رابطہ عوام اور حجاب مہم کی رپورٹس پیش کیں۔ ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کراچی شہر کا سیر حاصل جائزہ پیش کیا۔