مہاجر صوبے کی تحریک کو منظم کیا جائے گا ، ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجر صوبے کی تحریک کو منظم کیا جائے گا ، ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر اپنی تمام تر قوت اور توانائیوں کو جمع کرتے ہوئے مہاجر صوبے کی تحریک کو منظم کریں تاکہ اپنے حقوق حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کو قیام پاکستان سے لے کر اب تک ہر سطح پر نظرانداز کیا جاتا رہا ہے جس کے باعث سب سے زیادہ تعلیم اور تہذیب یافتہ قوم مہاجر آج پستی اور مایوسی کے اندھیروں میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں نے اپنا سب کچھ لٹانے کے بعد نوزائیدہ مملکت پاکستان کو خوشحال بنایا اور آج بھی مہاجر پاکستان کی خوشحالی ، ترقی اور اس کی کامرانی پر اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔ مہاجر پاکستان کیخلاف کام کرنا تو درکنار اس بارے میں سوچنے کو بھی گناہ عظیم سمجھتے ہیں اس لئے چند نادانوں کی غلطیوں کو پوری قوم سے تعبیر نہ کیا جائے اور مہاجروں کو ان کے جائز حقوق سمیت ان میں پائی جانے والی احساس محرومی کا تدراک کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ MIT مہاجروں کی بانی جماعت ہے اور ہم ہی مہاجروں کو متبادل اور محب وطن قیادت فراہم کرسکتے ہیں۔ ہم نے بدترین دور میں بھی مہاجروں کے حقوق کی بات کی ہے اور آج بھی اپنے محدود وسائل کے ساتھ مہاجر حقوق کی آواز بلند کئے ہوئے ہیں جس کی پاداش میں ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ، ہمیں متعدد بار جیلوں کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں لیکن ہم نے کبھی بھی مہاجر حقوق کا نہ تو سودا کیا اور نہ ہی مہاجر حقوق سے غفلت برتی۔ یہی وجہ ہے کہ آج سندھ کے مہاجر MITکی طرف دیکھ رہے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ MIT ہی مہاجروں کی ان کے جائز حقوق دلائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ آخر