کراچی ،آوارہ کتوں کی بہتات ، رے بیز کے مریضوں میں اضافہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث مختلف اسپتالوں میں ریبیز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کی لاپروائی کے باعث کم عمر بچوں کو کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔سول اسپتال کے شعبہ ربیز کلینک میں رواں سال کے ابتدائی 10ماہ میں 6872مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 90فیصد افراد کو کتوں نے کاٹا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کے شعبہ ریبیز کلینک میں رواں سال 2015کے ابتدائی 10ماہ کے دوران 6872مریض رپورٹ ہوئے ہیں ان مریضوں میں سے 70فیصد تعداد 8سال سے کم عمر بچوں کی ہے ۔جبکہ باقی بزرگ ،مرد اور خواتین شامل ہیں اطلاعات کے مطابق سول اسپتال ریبنر کلینک میں ہر سال ہزاروں مریض رپورٹ ہوتے ہیں جن کا تعلق لیاری ،منگھوپیر ،گڈاپ ،سرجانی ،کیماڑی ، کورنگی اور دیگر علاقوں سے ہوتا ہے ۔طبی ماہرین کے مطابق کتے یا دیگر جانوروں کے کاٹنے سے متاثرہ مریضوں کو چاہیے کہ وہ متاثرہ جگہ کو فوری طور پر صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور زخم کو کھلا رکھیں اور چند گھنٹوں کے دوران قریبی اسپتال سے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کروائیں ۔ماہرین کے مطابق ریبیز کا باعث کتا ،بلی ،گدھا ،لومڑی بھی ہوسکتا ہے جن کے کاٹنے کے بعد معالج سے رابطہ کرنا چاہیے ۔