وفاق سے صوابی کو ماڈل ضلع ببنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈ حاصل کرینگے ضلع ناظم
صوابی( بیورورپورٹ)ضلعی ناظم اعلیٰ صوابی امیر الرحمن اور نائب ناظم و ضلع کونسل صوابی کے کنوینئر حاجی عصر خان نے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ صوابی کے بنیادی حقوق کے حصول اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے وفاق اور صوبے سے زیادہ سے زیادہ فنڈز لے کر صوابی کو ایک ماڈل ضلع بنا دینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جے یو آئی مانکی یونٹ کے رہنما مولانا نعیم اللہ شاہ حقانی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب میں اظہار خیال کر تے ہوئے کیا۔ جس سے سیکرٹری جنرل جے یو آئی صوابی احسان الحق اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضلعی ناظم امیر الرحمن نے کہا کہ سات جماعتوں پر مشتمل صوابی ڈیمو کریٹک الائنس کی ضلعی حکومت ایک نئے صوابی کی بنیاد رکھ دے گی۔ اور یہ مخلوط حکومت صوبے کے لئے ایک مثالی حکومت ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں صوابی کے عوام نے صحیح اور درست فیصلہ کر کے مخلص قیادت کا انتخاب کیا ہے عوام کے اعتماد کو ہر گز ٹھیس نہیں پہنچائینگے۔ بلکہ ان کے حقوق حاصل کر کے رہیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر نچلی سطح پر منتخب ہونے والی حکومتوں کو نہ صرف اختیارات منتقل کریں بلکہ ان کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری کئے جائیں تاکہ پسماندہ علاقوں میں ترقی کا عمل شروع ہو سکے انہوں نے کہا کہ گدون اسٹیٹ مراعات کی بحالی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے خاتمے ، بجلی رائلٹی ، گیس و بجلی کی فراہمی ، تعلیم ، صحت اور مواصلات کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لا کر اس کے لئے عملی کر دار ادا کرینگے۔ ہم اپنے دائرہ اختیار کے مطابق کام کر تے رہیں گے لیکن کسی کو اپنے کاموں میں مداخلت کر نے نہیں دینگے #