پراسرار برمودہ ٹرائی اینگل میں ایک اور جہاز غائب
نیویارک(نیوزڈیسک)برمودہ ٹرائی اینگل کے بارے میں مشہور ہے کہ اس میں کوئی بھی جہاز چلا جائے تو وہ غائب ہوجاتا ہے اور حال ہی میں ایک اور جہاز اس میں غائب ہوچکا ہے۔
کچھ روز قبل El Faroنامی بحری جہاز بحیرہ اوقیانوس کے کروکڈ آئی لینڈ ،بہاماز کے پاس سمندری طوفان ’جاکیون ‘ کے دوران پراسرار طور پر روپوش ہوگیا۔اس جہاز کی تلاش کاکام جاری ہے لیکن ابھی تک اس میں کامیابی نہیں مل پائی۔اس جہاز میں33افراد سوار تھے جس میں سے28کا تعلق امریکہ اور5کا تعلق پولینڈ سے بتایا جارہا ہے اور یہ امریکی ساحلی شہر جیکسن ویل فلوریڈا سے سین جوان پورٹو ریکو جارہا تھا۔حکام کاکہنا ہے کہ اس جہاز سے آخری بار جو لوکیشن بتائی گئی وہ جزائر کروکڈ آئی لینڈکے پاس تھی اور جیسے ہی اس سے رابطہ منقطع ہوا،کوسٹ گارڈ نے اس کی تلاش شروع کردی لیکن خراب موسم اور سمندری طوفان کی وجہ سے اس تلاش کو جاری رکھنا مشکل ہورہا ہے۔حکام کا ماننا ہے کہ یہ جہاز تقریباًاسی جگہ روپوش ہوا ہے جہاں برمودہ ٹرائی انیگل بنتی ہے تاہم اس بات کو یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ اس جہاز سے رابطہ برمودہ ٹرائی اینگل کی وجہ سے نہیں ہو پارہا یا یہ ڈوب چکا ہے۔
یاد رہے کہ برمودہ ٹرائی اینگل کی استطلاح پہلی بار 1964ءمیں استعمال کی گئی اور اسے ایک پراسرار گزرگاہ بھی قرار دیا گیا جس کی وجہ فلوریڈا ،برمودہ اوربہاماز کے درمیان بہت زیادہ سمندری جہازوں کا روپوش ہونا تھا۔