پاور پلانٹس کی بندش سے بجلی بحران سنگین ہو گیا ہے،ناصر رمضان
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصررمضان گجر نے کہا ہے کہ پاور پلانٹس کی بندش سے بجلی بحران شدید تر ہوگیا ہے اور ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں شارٹ فال 5ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ حکومت دسمبر2018میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی نوید سنارہی ہے۔اور عوام کو طفل تسلی اور دلاسے دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہروں میں 16سے 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے شہری بھی پریشانی کا شکار ہیں گرمی اور حبس سے ستائے ہوئے لوگوں کو زندگی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ سے طلباء کو پڑھائی میں مشکلات اور صنعتکاروں کو صنعتیں کی بندش سے پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف بیان بازی اور دریائے چنا ب کا پانی روکنے سے کالا باغ ڈیم کی افادیت نمایاں ہوئی ہے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا فی الفور آغاز کیا جائے ۔