اورنج ٹرین منصوبے کا آدھا کام مکمل،12سٹیشنوں کی تعمیر جاری

اورنج ٹرین منصوبے کا آدھا کام مکمل،12سٹیشنوں کی تعمیر جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( اپنے خبر نگار سے) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن منصوبے کا آدھا تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے ‘ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پونے 14کلومیٹر طویل حصے میں زمین سے 20فٹ بلندٹرین کے 11سٹیشنوں اورایک زیر زمین انارکلی سٹیشن کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ٹرین کی پٹری بچھانے کے لئے ابھی تک 20 یوٹب گرڈرز نصب کئے جاچکے ہیں اور اس کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے جلد ہی ایک اور کرین منگوائی جا رہی ہے ۔ وہ گزشتہ روز منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سٹیشن کی تکمیل کی تاریخ طے کی جائے اور طے شدہ ہدف کے مطابق اسے مکمل کرنے کے لئے تمام محکمے مکمل ہم آہنگی سے کام کریں ۔اورنج ٹرین کے تمام سٹیشنوں پر نیسپاک کی طرف سے فراہم کئے جانے والے ڈیزائن کے مطابق بجلی ‘پانی ‘ گیس اور ٹیلی فون سمیت یوٹیلٹی سروسز کے کنکشن مہیا کئے جائیں ۔ یوٹیلٹی سروسز مہیا کرنے والے محکمے تعمیراتی کام کے دوران اپنے انفراسٹرکچر کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں ۔لیسکو شہریوں کی سہولت کا خیال رکھے اور اپنی سروسز کی منتقلی کے لئے کم سے کم دورانئے کے لئے شٹ ڈاؤن کرے ۔ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ نے اجلاس کو بتایا کہٹرین کے سٹیشنوں کی تعمیر کے لئے ڈیزائن اور دیگر تفصیلات فور ی طے کرنے کے لئے نیسپاک نے خصوصی ٹاسک فور س تشکیل دے دی ہے ۔ رنگ روڈ پر اورنج لائن میٹر وٹرین کے لئے پُل کی تعمیر کا کام شروع کیا جا چکا ہے ۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا59 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا44فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا48فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا47فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اسے شیڈول کے مطابق سال رواں کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘ سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔