سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے 3سالہ پروگرام پر عمل درآمد جاری

سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے 3سالہ پروگرام پر عمل درآمد جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر( وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سبزیوں کی اہمیت کے پیش نظر ان کی پیداوار بڑھانے اور برآمدات میں اضافہ کے لیے تین سالہ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اس پروگرام کے تحت 410.87 ملین روپے کی خطیر رقم سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سبزیوں کے 900 سے زائد نمائشی پلاٹس لگانے کے علاوہ فارمرڈیز اور سیمینار کے ذریعے
کاشتکاروں کی عملی تربیت کی گئی ہے ۔ یہ باتیں وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ سبزیاں انسانی خوراک کا اہم جزو ہیں اور ماہرین غذائیت ان کو حفاظتی خوراک کا نام دیتے ہیں ۔ سبزیوں میں حیاتین ،معدنیات اور ریشے کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔جدید تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ انسانی جسم کی نشو و نما کے لئے خوراک میں سبزیوں کا استعمال اشد ضروری ہے۔ماہرین طب کے مطابق انسانی خوراک میں روزانہ سبزیوں کا استعمال 300 سے350گرام فی کس ہونا ضروری ہے جبکہ پاکستان میں یہ مقدار صرف100 سے 150 گرام فی کس روزانہ ہے۔ یہ سفارش کردہ مقدار کے مقابلہ میں آدھی سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ ترقی یافتہ دور میں دنیا بھر میں سبزیوں کی کاشت دیگر فصلوں کے مقابلہ میں زیادہ منافع بخش ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جو قدرتی وسائل زرخیز زمین، پانی اور زرعی اجناس بالخصوص سبزیوں اور پھلوں کی کاشت کے لئے درکار سازگار آب و ہوا کی نعمتوں سے مالا مال ہے۔ پاکستان میں کل زیر کاشت رقبہ کے صرف 3.1 فیصد پر سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں۔
جس میں اضافہ کی کافی گنجائش موجود ہے۔ گزشتہ 3سالوں میں گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کے فروغ کے لئے پنجاب کے شہری و دیہی عوام کو 5لاکھ سے زائد سیڈپیکٹس مہیا کئے گئے ہیں۔ ٹنل فارمنگ کے علاوہ گھریلو پیمانے پرمعیاری سبزیوں کے حصول کے ذریعے پاکستان نہ صرف بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی خوراکی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ تازہ سبزیوں اور ان کی معیاری مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہے۔

مزید :

کامرس -