ٹیوٹا کے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ میں تبدیلیاں کردی گئیں:عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا کے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ میں تبدیلیاں کردی گئیں:عرفان قیصر شیخ

لاہور ( کامرس رپورٹر): ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کی بھرپور شراکت صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کے فروغ کیلئے ضروری ہے۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے صوبہ بھر کے مختلف ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ میں تبدیلی کی ہے جن میں فیصل آباد، بھکر/میانوالی، جھنگ/ٹوبہ ٹیک سنگھ/چنیوٹ، ساہیوال/پاکپتن، بہاولپور/لودھراں، لاہور/شاہدرہ، راولپنڈی/اٹک، ڈی جی خان/راجن پور، سرگودھا/خوشاب، سیالکوٹ/نارروال، لیہ/مظفر گڑھ، جہلم/چکوال، گوجرانوالہ/حافظ آباد اور گجرات/منڈی بہاؤالدین شامل ہیں تاکہ مقامی صنعت کار اور تاجر برادری اپنے متعلقہ اضلاع میں موثر کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے حوالے سے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ، عامر عزیز، مصطفی کمال پاشا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کی سفارشات پر قابل روزگار شارٹ کورسز کو شروع کیا گیا ہے۔ ٹیوٹا ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے مؤثر کردار کیلئے بھرپوررابطہ رکھے ہوئے ہے تاکہ ٹیوٹا اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ماہر افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی کیلئے بھی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

ٹیوٹا صوبہ بھر کے تمام ضلعی دفاتر کی ماہانہ کارکردگی کو باقاعدہ مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ڈسٹرکٹ منیجرز کو اپنے اضلاع میں فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹیوٹا اداروں میں معلوماتی اور مشاورتی سیمینار کے انعقاد کے بھی احکامات دئے گئے ہیں جس میں ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ اور معروف صنعتکاروں کو شرکت کیلئے خصوصی دعوت دی جائے گی تاکہ فارغ التحصیل ہنر مندوں کو ملکی و غیر ملکی سطح پر روزگار کے مواقع آسانی سے میسر ہوسکیں۔

مزید : کامرس