ایرانی گن شپ ہیلی کاپٹروں کی عراقی سرحد پر کاروائی 12کرد شہری ہلاک

ایرانی گن شپ ہیلی کاپٹروں کی عراقی سرحد پر کاروائی 12کرد شہری ہلاک

تہران (آن لائن)ایرانی گن شپ ہیلی کاپٹروں نے عراق کی سرحد سے متصل شہر کرمنشاہ میں کارروائی کے دوران 12 کرد شہری ہلاک کردیے۔ جھڑپوں میں پاسداران انقلاب کے تین اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے فوجی کارروائی کی تصاویر اور فوٹیج نشر کی ہے جس میں فوج کے حملے میں ہلاک کردوں کو دکھایا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی نے بری فوج کے سربراہ جنرل محمد باکبور کا ایک بیان بھی نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ثلاث باباجانی کے مقام پر اس وقت کی گئی جب سرحد پار سے کرد جنگجوؤں کا ایک گروپ ایران میں داخل ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ فورسز کی کارروائی کے دوران بارہ کرد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ ایرانی فوجی عہدیدار نے تمام متقولین کو دہشت گرد قرار دیا۔جنرل باکبور نے بتایا کہ آپریشن میں ایرانی فوج کے تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ ایران میں داخل ہونے والے کرد دہشت گردوں کو امریکا اور روس کی معاونت حاصل تھی جنہیں ایران میں عدم استحکام کی کارروائیوں کے لیے بھیجا گیا تھا ۔

مزید : عالمی منظر