بھارت جنگی جنون بڑھانے کے بجائے وعدے پورے کرے‘ پیپلز موومنٹ

بھارت جنگی جنون بڑھانے کے بجائے وعدے پورے کرے‘ پیپلز موومنٹ

  

جموں(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے بھارتی قیادت اور ذرایع ابلاغ کی طرف سے جنگی جنون کو ہوا دینے کے عمل کو خطر ناک اور تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگوں سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوتے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز مومنٹ کے قائمقام چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں بھارتی قیادت پر زور دیا کہ وہ جنگی جنون بڑھکانے کے بجائے کشمیریوں کے ساتھ کے گئے وعدے پورے کرے ۔ ا نہوں نے کہا کہ تنازعات اور مسائل کا حل بل آخر بات چیت کی میز پر ہی نکالا جا تا ہے۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ نئی دلی میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی فرقہ پرست حکومت اور بھارتی میڈیا نے اس وقت جس طرح سے جنگی جنون پیداکر رکھا ہے اس سے پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں نیولکلیائی ملک ہیں لہذا دونوں کے درمیان جنگ کے انتہائی ہولناک نتائج نکلیں گے اور پورا خطہ تباہی اور بربادی سے دوچار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ تین ماہ سے کشمیر میں جاری پر امن عوامی انتفادہ کو کچلنے کے لئے بڑے پیمانے پر فوجی طاقت استعمال کر رہا ہے اور اس نے کشمیریوں کے تمام معاشرتی ، سیاسی اور مذہبی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے ہی پر امن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔ میرشاہد سلیم نے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کی وجہ سے عالمی برادری تنازعہ کشمیر کی طرف متوجہ ہورہی ہے اور بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حالت زار سے اقوام عالم کی توجہ ہٹا سکتا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -