بٹہ مالو اور بومئی میں کشمیری طلباء و طالبات کااحتجاج

بٹہ مالو اور بومئی میں کشمیری طلباء و طالبات کااحتجاج

  

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ وادی کشمیر کے اطراف و اکناف میں مجوزہ امتحانات کے خلاف طالب علموں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے بٹہ مالو اورسوپور کے علاقے بومئی میں کشمیری طالب علموں نے مجوزہ امتحانات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور اعلان کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل تک کسی بھی امتحان میں شرکت نہیں کریں گے ۔ پولیس نے مظاہروں میں شامل طلبہ و طالبات کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے کئی طالب علم زخمی ہوگئے۔

دسویں اور بارہویں جماعت میں ز یر تعلیم طالبات نے بٹہ مالو میں مجوزہ امتحانات کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ مظاہرے میں شامل طالبات نے بتایا کہ حکومت کا دہرا معیار نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف طالب علموں کو گولیوں اور پیلٹ گنوں کانشانہ بنایا جارہا ہے تو دوسری طرح امتحانات کی تلوار چلائی جارہی ہے ۔ طالبات کا جلوس جوں ہی بٹہ مالو پہنچا تو پولیس اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے کئی طالبات زخمی ہوگئیں۔سوپور کے علاقے بومئی میں بھی طلبہ وطالبات نے ایک احتجاجی جلوس نکالا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک کوئی بھی امتحان نہ دینے کا اعلان کیا۔

مزید :

عالمی منظر -