روس نے اپنا دفاعی میزائل نظام شام بھیجنے کی تصدیق کر دی

روس نے اپنا دفاعی میزائل نظام شام بھیجنے کی تصدیق کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ماسکو(این این آئی)روس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے شام کی بندرگاہ طرطوس میں موجود اپنے بحری اڈے پر ایئر ڈیفنس میزائل نظام ایس 300 بھیجا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوو کا کہنا تھا کہ اس میزائل سسٹم کو بھیجنے کا مقصد اپنے بحری اڈے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مغرب کے ساتھ تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
میجر جنرل کوناشینکوو نے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ایس 300 مکمل طور پر دفاعی نظام ہے اور اس سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ایس 300 کو بھیجنے پر ہمارے مغربی ساتھیوں کو اتنی تشویش کیوں ہو رہی ہے۔روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دفاعی نظام ویسا ہی ہے جیسا اس سے قبل ماسکو میں نصب کیا گیا تھا،یہ پہلا موقع ہے کہ روس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 300 کو اپنی سرزمین سے باہر نصب کیا ہے۔ایس 300 موبائل نظام ہے اور اس کے ریڈار، لانچر اور کمانڈ سسٹم کو کئی گاڑیوں پر لایا جاتا ہے۔اس نظام کو شام میں نصب کرنے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ روس شام میں اپنے فضائی دفاع کے نظام کو مضبوط بنا رہا ہے۔ روس کے اس اقدام سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اگر امریکہ نے روس یا شام کے آپریشن میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکہ نے شام کے معاملے پر روس کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید :

عالمی منظر -