ہیٹی میں شدید سمندری طوفان، ساحلی علاقے زیر آب آگئے

ہیٹی میں شدید سمندری طوفان، ساحلی علاقے زیر آب آگئے

  

پورٹ اوپرنس(این این آئی)ہیٹی میں گذشتہ ایک دہائی کے دوران سب سے شدید طوفان آیا جس کے نتیجے میں وہاں 145 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں، تیز بارشوں اور خطرناک آندھیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کیٹگری فور کے اس طوفان کو میتھیو نام دیا گیا ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کا کہنا تھا کہ ہیٹی میں وہ سب کچھ ہے جو یہ طوفان ساتھ لایا ہے۔جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں۔ہیٹی کے سول پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر میری ایلٹا شان نے بتایا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کتنا نقصان ہوا ہے، لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ جنوبی علاقے میں بہت سے مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ہیٹی کے عبوری صدر جوسیلرم پیورٹ نے اس سے قبل بتایا کہ بعض لوگ جو کہ سمندر کے قریب تھے یا وہ جنھوں نے الرٹ کی پروا نہیں کی ہلاک ہو چکے ہیں۔دنیا کے غریب ترین ممالک میں شمار ہونے والے اس ملک کے ایک کروڑ دس لاکھ رہائیشی ایسی جگہوں پر رہتے ہیں جہاں ان کا سیلاب سے سامنا ہوتا ہے اور ان کے گھر بھی زیادہ مضبوط نہیں ہیں۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میتھیو جو کہ 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں 40 انچ بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شائع ہونے والی ویڈیوز میں گھروں کی ٹوٹی ہوئی چھتیں اور کھجور کے جھکے ہوئے درختوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ایک امریکی صحافی نے بتایا کہ لیز کیز سے ملنی والی اطلاعات کے مطابق وہاں پانی رہائیشیوں کے کندھوں تک بڑھ چکا ہے جبکہ امدادی کارکنوں کا کہنا تھاکہ دیگر ساحلی آبادیاں بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -