ہربنس پورہ ،سوئی گیس کمپنی کے دفتر پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا

ہربنس پورہ ،سوئی گیس کمپنی کے دفتر پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا

  

لاہور(وقائع نگار ) ہربنس پورہ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے دفتر پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، انچارج ڈپٹی چیف انجینئر فراز ندیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے ، ملازمین نے حملہ کی وجہ سے ہڑتال کر دی ، فیلڈ میں جانے والی ٹیموں کو بھی واپس بلا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ملازمین نے انچارج ہربنس پورہ آفس فراز ندیم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ملازمین نے بتایا کہ ایک سیاسی شخصیت کے مسلح سیکیورٹی گارڈز نے انچارج کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ملازمین نے تشدد کے واقعہ کے حوالے سے کمپنی کے اعلیٰ افسران کو آگاہ کر دیا تاہم کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔دفتر بند ہونے کی وجہ سے آنے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کسٹمر سروسز سینٹر کو بھی بند کر دیا گیا اور صارفین کا داخلہ مکمل طور پر بند ہے۔

مزید :

علاقائی -