پنجاب پولیس کے 2لاکھ افسراور جوان محرم میں سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے

پنجاب پولیس کے 2لاکھ افسراور جوان محرم میں سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صوبے کی تمام بڑی اور حساس مجالس اورجلوسوں کو تھری لےئر سیکیورٹی ہر صورت دی جائے جبکہ حساس مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع اور ڈویژن کے بڑے جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کو خودچیک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی نگرانی بھی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت اور فرائض کی بجا آوری کے لئے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے تا کہ انہیں ڈیوٹی کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیولنک کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، رائے محمد طاہر، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار اور اے آئی جی آپریشنز، شہزادہ سلطان نے شرکت کی۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے آئی جی کو محرم الحرام کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس کے تقریباََ دو لاکھ افسراور جوان دوران محرم سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے جبکہ 43ہزار پولیس قومی رضاکار اور 98ہزار والنٹےئرز بھی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے پولیس کی معاونت کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لئے تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کی درست شناخت کو یقینی بنانے کے لئے انہیں سپیشل شناختی کارڈز جاری کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش، کالے شیشیوں اور نیلی بتی والی گاڑیوں کے علاوہ پرائیویٹ گاڑیوں کو سبز نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف مقام و مرتبے کا لحاظ کیے بغیر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران فیلڈ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی میں قطعی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے علاوہ جلوس اور مجالس کے روٹ اور اوقات کار کی پابندی پر عملد رآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، مذہبی ہم آہنگی کے لئے امن کمیٹی کے ممبران کی خدمات سے بھی بھرپور استفادہ کیاجائے۔

مزید :

علاقائی -