متعصبانہ رویہ اور قواعد کی خلاف ورزی، فیفانے 11ٹیموں پر جرمانہ عائد کر دیا
زیورخ(این این آئی) فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے ورلڈکپ 2018 کے کوالیفائرز کے دوران مداحوں کی جانب سے غیرروایتی اور متعصبانہ سلوک پربرازیل اور ارجنٹینا سمیت 11 ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز پر جرمانہ عائد کردیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فیفا نے برازیل، ارجنٹینا، یوروگوائے، پیرو، اٹلی، ہنڈوراس، ایل سلواڈور، میکسیکو، کینیڈا، چلی اور البانیا پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔چلی کو 28 مارچ 2017 کو وینزویلا کے خلاف ہونے والے کوالیفائر میچ کو تماشائیوں سے خالی گراؤنڈ میں کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے کیونکہ یہ ان کی رواں سال میں دوسری مرتبہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔رواں سال مئی میں بھی چلی کوتماشائیوں کی جانب سے ہم جنس پرستی کے نعروں کے باعث سنٹیاگو میں قائم نیشنل گراؤنڈ میں کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ 24 ہزار چار یورو جرمانہ بھی کیا گیا تھا جو سال میں دوسری پابندی تھی۔فیفا کی جانب سے جرمانہ عائد کئے گئے 11 ممالک میں سے کچھ ٹیموں کے تماشائیوں نے بھی ہم جنس پرستی کے نعرے لگائے تھے۔جرمانے کی زیادہ سے زیادہ حد 52 ہزار 9 یورو ہے، ہنڈوراس کو دومسئلوں پر20 ہزار یورو جبکہ برازیل اور کینیڈا پر 16 ہزار 2 یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔