وائٹ واش پھر وائٹ واش، کالی آندھی چلنا بھول گئی، ون ڈے سیریز بھی شاہینوں کے نام

وائٹ واش پھر وائٹ واش، کالی آندھی چلنا بھول گئی، ون ڈے سیریز بھی شاہینوں کے ...

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ پچھلے دونوں میچوں میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والے کپتان اظہر علی اس میچ میں پراعتماد بلے بازی کرتے نظر آئے اور سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب بابر اعظم بھی بھرپور فارم میں نظر آئے اور مسلسل تیسرے ون ڈے میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم لگاتار تین سنچریاں بنانے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے لیجنڈ ظہیر عباس اور سعید انور بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ مسلسل چار سنچریوں کے عالمی ریکارڈ پر سری لنکا کے کمار سنگا کارا کا قبضہ ہے جنہوں نے 2015میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔اس میچ میں شعیب ملک اچھی بلے بازی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 5 رنز ہی پر آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان بھی آتے ہی چلتے بنے اور 4 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد عماد وسیم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے بھی صرف 4 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد آخر تک کھیلے اور بغیر آؤٹ ہوئے 24 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف نے دو جبکہ ہولڈر، نارائن، بین اور پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ویسٹ انڈیز ٹیم اس میچ میں بھی بے دلی کے ساتھ میدان میں اتری۔ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز جیتنے کے موڈ میں نظر نہ آیا۔ کسی بھی بلے باز نے 309 کا ہدف حاصل کرنا تو درکنار اس کے قریب پہنچنے کی بھی کوشش نہیں کی۔ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز نصف سینچری تک نہ بنا سکا۔ کامیاب بلے باز دنیش رامدین تھے جنہوں نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز کارکردگی نہ دکھا سکا۔ دوسری جانب بلے بازی کے بعد باؤلنگ کے میدان میں بھی پاکستانی گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو آؤٹ کلاس کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 44 اوورز میں 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 172 رنز ہی بنا سکی۔اس طرح گرین سرٹس نے کالی آندھی کوکلین سویپ کردیااورون ڈے رینکنگ میں 89پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ121پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیاسرفہرست ہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز کامیاب گیند باز رہے ،جنہوں نے 9 اوورز میں 40 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند بازوں میں وہاب ریاض 2 جبکہ عماد وسیم اور سہیل خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ وہاب ریاض نے ون ڈے میچوں میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔بابراعظم مین آف دی میچ اورمین آف دی سیریزبھی رہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی