کراچی ، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، پانی کی ٹینکی سے اسلحے کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

کراچی ، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، پانی کی ٹینکی سے اسلحے کی ...

  

 کراچی(سٹا ف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے عزیز آباد میں حساس ادارے کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کر کے کراچی کی تاریخ میں اسلحہ اور گولہ بارود کی سب سے بڑی کھیپ برآمد کرلی ہے۔اسلحے میں اینٹی ایئر کرافٹ، اینٹی ٹینک بھی شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق عزیز آباد میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب حساس ادارے کی نشاندہی پر پولیس نے ایک خالی گھر میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران زیرزمین پانی کے ٹینک میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحے میں راکٹ لانچر، اینٹی ائیر کرافٹ گنز، کلاشنکوف ، ایل ایم جی ، ایس ایم جی ، جی 3، ایم 16 رائفل ، اسانئپر رائفل نائن ایم ایم پستول سمیت جدید اسلحہ شامل ہے ۔ذرائع کے مطابق برآمدہونے والے اسلحے میں200سے زائدراکٹ لانچر اور ہزاروں کی تعداد میں رائفل گرینیڈ اورلاتعداد گولیاں بھی شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔کارروائی کے بعد پولیس مکان کو لاوارث چھوڑگئی اورٹینک میں ابھی بھی بوریاں اورگولیاں پڑی ہیں۔پولیس کے مطابق گھرسے اب تک جتنا اسلحہ برآمد ہوا ہے اتنا شہر کی تاریخ میں اب تک کسی کارروائی میں نہیں پکڑا گیا، برآمد اسلحے کی کھیپ کو 3ٹرکوں اورپولیس موبائلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے اسلحے کی برآمدگی کے لیے آپریشن رات 12بجے شروع کیا اوریہ آپریشن صبح ساڑھے نو بجے تک جاری رہا۔اسلحہ زیر زمین چھپایا گیاتھا اور ہوا کی ترسیل کیلئے پڑوسیوں کے گھروں میں وینٹی لیشن پائپ بھی موجود تھے۔اسلحہ پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق جس مکان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ نعیم اللہ نامی شخص کے نام پر ہے، پچھلے 2 سال سے بجلی کا بل ادا نہیں کیا گیا، گھر کے ایک گرد آلود کمرے میں کیلنڈر بھی لگا ہوا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مکان میں جنوری 2015 سے قبل کسی خاندان کی رہائش تھی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے عزیز آباد سے پکڑا جانے والا اسلحہ نائن زیرو کی ملکیت ہے جسے بھتہ خوری اور دیگر جرائم سے کمائے پیسے سے خریدا گیا ہے تاہم اسلحے کا فرانزک ٹیسٹ بھی کرایاجائیگا اور بہت جلدمزیداسلحہ بھی برآمدکریں گے۔جس جگہ سے اسلحہ ملا ہے وہاں کسی اور پارٹی کااسلحہ نہیں ہوسکتا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ برآمد کیے گئے اسلحے میں 84آرپی جی راکٹس،85آرپی جی فیوز،2ہزاررائفل گرینیڈ،200ہینڈگرینیڈ،10جی تھری،11سیون ایم ایم اورایک ایم16،39ایل ایم جیز،9آرپی جی سیون،82ایس ایم جیز،11اینٹی ایئرکرافٹ گنز،تین12.7ایم ایم گنزاور:مختلف اقسام کی ساڑھے 6لاکھ گولیاں شامل ہیں جسے 9اور 10محرم کو دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کو10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ،اسلحے میں سرکاری اورنیٹو کااسلحہ بھی شامل ہے تاہم تحقیقات کررہے ہیں مکان کتنے عرصے سے بند تھا.انہوں نے بتایا کہ لندن اورجنوبی افریقہ میں مقیم گروپ بھی ملوث ہے ،اسلحے کے معاملے میں سیاسی جماعت کے بڑے نام شامل ہیں۔اسلحہ کی خریداری میں بڑے بڑے نام آرہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -