شکست خور دہ عناصر کی ذاتی مفادات کی سیاست کسی طور بھی مناسب نہیں :شہباز شریف

شکست خور دہ عناصر کی ذاتی مفادات کی سیاست کسی طور بھی مناسب نہیں :شہباز شریف

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں نفاق اور انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے راستے پر چلنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ نفاق اور تصادم کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے اور تمام اہم امور پر فیصلوں میں قومی قیادت سے مشاورت کرکے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے لیکن اہم قومی معاملات پر شکست خوردہ عناصر کی جانب سے ذاتی مفادات کی سیاست کسی طور بھی مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ انتشار، نفاق اور تصادم کی بجائے ہمیں مل کر پاکستان کیلئے یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے ۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر یکساں موقف اپنانے کیلئے قومی قیادت نے جس اتفاق اور اتحاد کا بے مثال مظاہرہ کیا اس کا تقاضا ہے کہ ہم سب ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفادات کی خاطر ایک ہو جائیں اور مادر وطن کی حفاظت بھی ہمیں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیتی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی قوم میں انتشار، نفاق اور تصادم کی سیاست کو فروغ دینے والے شہداء کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ قوم کو متحد اور اکٹھا کرنے کا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام اس نازک موقع پر انتشار، نفاق اور تصادم کی سیاست کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کسی کوشش کا پہلے کی طرح اب بھی حصہ نہیں بنیں گے۔

مزید : صفحہ اول