پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرکے رہے گی،عبید اللہ مایار

پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرکے رہے گی،عبید اللہ مایار

  

پشاور( پاکستان نیوز)صوبائی اسمبلی کے رکن اور اعلیٰ تعلیم کے لیے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبید خان مایا ر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرکے رہے گی حلقہ پی کے 25 میں جس تیزی سے ترقیاتی عمل جاری ہے ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا ۔حلقے کے مختلف دیہات میں بجلی کی فراہمی اور وولٹیج کے مسائل کے حل کے لیے ٹرانسفارمروں کی تنصیب ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے ۔اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی سکیموں کے معائنے کے بعد پختونخوا ریڈ یو سے بات چیت کرتے ہوئے عبید خان مایار نے کہا کہ اُنہوں نے اپنے حلقے کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت بجلی کے پرانے ٹرانسفارمروں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ٹرانسفارمر بھی نصب کیے جارہے ہیں جس کے لیے آٹھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔اسی طرح آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے چھ کلومیٹر گمبت روڈ اور ساڑھے سات کروڑ روپے کی لاگت سے کھنڈرو روڈ کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ،جبکہ گلی کوچوں اور نالیوں کی تعمیر کے لیے چار کروڑ روپے کے منصوبوں کے ٹینڈر مکمل ہوچکے ہیں اور ان پر آئندہ چند دن میں کام شروع ہوجائے گا ۔عبید خان مایار نے کہا کہ نرشک کینال روڈ اور بٹ سیری کینال روڈ کے ساتھ ساتھ گڑھی دولت زئی میں فلڈ پروٹکشن وال کی تعمیر بھی جاری ہے جبکہ آبپاشی کے لیے دو سولر ٹیوب ویلز کی بھی منظوری دی جاچکی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حلقے میں درجنوں سکولوں کا درجہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں سینکڑوں نئے کمروں کی تعمیر کاکام بھی مکمل کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید کئی منصوبے بھی منظور ہوچکے ہیں ۔آنہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کا نصب العین ہے اور اس سلسلے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -