پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا ہے،صدرآزادکشمیر

پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا ہے،صدرآزادکشمیر

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات ۔ کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری ، آزاد کشمیر کی شہر آبادی کو نشانہ بنانے ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سمیت ملکی دفاع اور سلامتی سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے خواجہ آصف کو بتایا کہ اگرچے بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کی بھیانک صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے آزاد کشمیر کی شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ لیکن اس پار سے پاک افواج نے انہیں دندان شکن جواب دیا ہے ۔ جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کریں گے ۔ ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔ پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی فوج رکھنے والا جوہری صلاحیت کا حامل ملک ہے ۔ دشمن اس کی سر زمین پر میلی آنکھ نہیں ڈال سکتا ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو بڑھانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جب سے کشیدگی بڑھائی ہے ۔ ملک کے طول وعرض سے لوگوں نے باہر نکل کر مظاہرے کئے ہیں اور بھارتی حکمرانوں پر ثابت کر دیا ہے کہ بیرونی جارحیت کی صورت میں قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گی ۔ اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دو چار کر دیا جائے گا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع نے صدر آزاد کشمیر کی طرف سے دفاع وطن کے لیے آزاد کشمیر کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

صدرآزادکشمیر

مزید :

کراچی صفحہ اول -