ہائیکورٹ نے100 پٹھان خاندانوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے پر تفصیلی رپورٹ مانگ لی
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے 100 پٹھان خاندانوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے خلاف درخواستوں پر نادرا سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے اجمل خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں نادرا کی جانب سے درخواست گزاروں کی فیملیز کے شناختی کارڈز کو بلاک کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل عارف گوندل نے عدالت کو بتایا کہ نادرا کی طرف سے اٹک چکوال اور راولپنڈی میں رہائش پذیر 100 پٹھان خاندانوں کے شناختی کارڈ ز بلاک کر دیئے گئے ہیں اور شاختی کارڈز بلاک ہونے سے بچوں کے سکول میں داخلوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وکیل نے بتایاکہ نادرا نے پٹھان خاندانوں کو افغانی ظاہر کردیا اور ان کے شاختی کارڈز بلاک کردیئے ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کی فیملیز کے شاختی کارڈز بحال کیے جائیں، درخواستوں پر آئندہ سماعت 8نومبر کو ہوگی۔