بھارتی مظالم اور جارحیت کے خلاف ہائیکورٹ بارکا احتجاجی مظاہرہ
لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور عالمی اداروں سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر اراکین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سینئر ارکان ایک جلوس کی شکل میں ہائیکورٹ بار سے جی پی او چوک پہنچے۔ مظاہرہ میں شریک وکلاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے جن پر مودی سرکار کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کشمیر کی آزادی کے حق اور بھارتی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ لاہور ہائیکورٹ کا بار ایسوسی ایشن کا مقبوضہ کشمیر کے بارے میں ایک بڑا اور اہم اجلاس 7اکتوبر کو ہوگا۔